ورڈپریس ہیلپ شیٹ

اکثر بلاگرز اپنے بلاگ کے سافٹ وئیر یا خاص کر اپنی تھیم سے چھیڑ چھاڑ کرتے رہتے ہیں۔ سادہ ایچ ٹی ایم ایل تو سمجھ میں آجاتی ہے لیکن پی ایچ پی کے ٹیگز مبتدیوں کے سر کے اوپر سے گزر جاتے ہیں اور بعض اوقات ان پی ایچ پی ٹیگز سے چھیڑ چھاڑ بلاگ سافٹ وئیر یا پھر تھیم کی خرابی پر منتج ہوتی ہے۔WPCANDY ورڈپریس کے متعلق ایک مفید بلاگ ہے۔ اس بلاگ کے مصنف نے ورڈپریس کے متعلق ایک بہت عمدہ ہیلپ شیٹ تیار کی ہے جو آپ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

 

اس ہیلپ شیٹ کی مدد سے آپ ورڈپریس کے ٹمپلیٹ کی ساخت اور ان میں استعمال ہونے والے پی ایچ پی ٹیگز اور انکے فنکشنز  کے متعلق بخوبی جان سکتے ہیں۔ اس ہیلپ شیٹ کو پڑھنے کے بعد اُمید ہے آپکو تھیم اردوانے میں بھی آسانی رہیگی۔

آپکے بلاگ کیلیے خوبصورت آر ایس ایس آئیکنز

آر ایس ایس فیڈ ہر بلاگ کا ایک لازمی جزو ہے۔ آر ایس ایس کا نمائندہ آئیکن() کافی عام سا ہے اور اس کا استعمال بھی بہت عام ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا آر ایس ایس آئیکن منفرد ہو تو آپ کے لئے خوشخبری ہے کہ آر ایس ایس آئیکنز اب مختلف خوبصورت شکلوں اور رنگوں(نارنجی رنگ کے علاوہ بھی) میں دستیاب ہیں۔ کرنا صرف آپ نے یہ ہے کہ اپنے تھیم کے امیجز(Images) فولڈر میں موجود آر ایس ایس آئیکن کو آپ نے ان آئیکنز سے بدل لینا ہے۔ اور اگر آپ خود فوٹوشاپ کا استعمال جانتے ہو تو اس آسان ٹیوٹوریل کی مدد سے آپ اپنا آر ایس ایس آئیکن خود بنا سکتے ہیں۔

جی میل مارکہ صابن

جی میل صابن
سپیم ای میلز کی صفائی میں نام بنانے کے بعد اب پیش ہے جسم کی صفائی کیلیے جی میل مارکہ صابن۔ جی ہاں! لیکن یہ صابن گوگل نے نہیں بلکہ روس کی ایک کمپنی نے جی میل کی سپیم صفائی سے متاثر ہو کر بنایا ہے۔ روسی زبان میں تحریر ٹیگ لائن کا انگریز مطلب The Purest Soap یعنی خالص ترین صابن ہے۔ کیا آپ کو اس صابن کی ضرورت ہے؟؟؟؟ :razz:

میرے پیارے سیارے!

ہاں میں زندہ ہوں اور یہ بھی ایک خوشگوار اتفاق ہے کہ میں ٹھیک ٹھاک ہوں۔ :cool:
یہ چھوٹی سی تمہید اسلئے کہ شاید کسی نے میری آخری تحریر کی تاریخ دیکھ کر سوچا ہو کہ کافی دنوں سے موصوف غائب ہیں۔ کسی سے مراد اردو ویب سیارہ بھی ہو سکتاہے۔ تو اے میرے پیارے سیارے! عرض ہے کہ ہم اس سارے عرصے کے دوران دو کاموں نے ہمیں الجھائے رکھا، ایک تو غم روزگار۔۔۔جہاں ہمیں نیا پراجیکٹ کچھ ایسا کرنا ہے کہ رومن اردو میں بھیجے گئے ایس ایم ایس کو یونیکوڈ اردو ایس ایم ایس میں تبدیل کر کے بذریعہ اپنے کبوتر(Gateway) منزل تک پہنچانا ہے۔ اب ہم کہاں کے قابل تھے۔۔۔۔۔۔۔۔جو یہ ساری پروگرامنگ کریں، سو ہمارا حصہ اتنا ہی ہے کہ رومن اور یونیکوڈ الفاظ کا ذخیرہ اکٹھا کریں۔ خاصا بور اور تھکا دینے والا کام ہے لیکن لگے ہوئے ہیں۔ کسی کے پاس اس قسم کے کام کا کوئی آئیڈیا یا تجربہ ہو تو ثواب دارین کیلیے تبصرے میں کچھ عرض کردیں۔
دوسرے ہمیں جملہ(Joomla) شریف نے آجکل الجھایا ہوا ہے، کچھ نہ کچھ تو ہم نے زیر کر ہی لیا لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ویسے بھی ہمارا دماغ جتنی تیزی سے کام کرتا ہے لگتا ہے ایک سال تو جملہ جملہ کرتے ہی گزر جائیگا۔
دیگر احوال یہ ہے میرے پیارے سیارے! کہ خیر سے ہم نے اپنی عمر بھر کی غیر مستقل مزاجی کو ٹھینگا دکھاتے ہوئے اس بلاگ شریف پر موجودہ تحریر کو ملا ١٠٠تحریریں پوری کرلیں ہیں۔ مبارکباد کی کوئی ضرورت نہیں میرے پیارے سیارے۔ یہی دعا ہے تم ہمیشہ ترقی کرو اور ہماری بونگیوں کیلیے دل میں جگہ(سپیس+ بینڈوڈتھ) قائم رکھو۔ اٰمین

ونڈوز جینوئن ایڈوانٹیج(WGA) کی سردردی سے نجات

آپ پاکستانی ہیں؟ میں 99 فیصد یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر آپ اس وقت ونڈوز خدمتگار نظام(Operating System) استعمال کر رہے، تو یہ چوری شدہ نسخہ ہو گا۔اگر آپ ونڈوز اپ ڈیٹس یا دوسرے مائیکروسافٹ کے سافٹ وئیرز ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کرتے رہتے ہیں تو عین ممکن ہے کہ آپ کا پالا مائیکروسافٹ ونڈوز جینوئن ایڈوانٹیج نامی مصیبت سے پڑ جائے، جسکے انسٹال ہونے کے بعد اس قسم کے پیغامات آپکو تنگ کرنے لگیں گے:

اس کا پہلا حل تو یہ ہے کہ آپ ونڈوز استعمال کریں ہی نہ، لینکس استعمال کریں۔ پھر بھی آپ بضد ہیں تو حل بتائے دیتا ہوں:

1۔ Run میں جا کر System32 لکھیں۔ آپکے سامنے System32 فولڈر کُھل جائیگا۔

2۔ WgaLogon.dll نامی فائل پر آئیں۔

3۔ اوپر فولڈر ونڈوز میں Tools > Options پر جائیں اور View ٹیب میں Hide extensions for know file types سے چیک ہٹا کر اوکے کردیں۔

4۔ اب WgaLogon.dll کے نام کو WgaLogon.dll.bak سے بدل دیں۔

5۔ فولڈر میں کہیں رائٹ کلک کر کے New میں جائیں اور Tex Document بنا کر اسکا نام WgaLogon.dll رکھ لیں۔ نام یا ایکسٹینشن بدلتے جہاں بھی ونڈوز کوئی پیغام دے اسے اوکے کرتے جائیں۔

6۔اسی فولڈ میں WgaTray.exe نامی ایک پروگرام ہوگا، اسے کلک کرکے منتخب کریں ٹاسک مینجر کھولیں(ctrl+alt+del سے)۔ پراسسز(Processes) میں جاکر WgaTray.exe کو بند کر دیں اور اسی فولڈر میں موجود WgaTray.exe کو جلدی سے ڈیلیٹ کر دیں۔اگر آپ نے وقفہ دیا تو یہ پروگرام پھر سے چل پڑیگا اور فولڈر میں موجود پروگرام فائل حذف نہیں ہوگی۔ اسلئےیہاں سرعت سے حذف کرنا لازمی ہے۔

لیجیے اُمید ہے اب WGA کے پیغامات آپ کے کام میں دخل انداز نہیں ہونگے۔ یاد رکھیے اس طریقے سے آپکی ونڈوز اصل نہیں ہوجاتی۔

فائرفاکس: ماسٹر پاس ورڈ کیسے صاف کریں؟

تقریباً سب براؤزرز میں جب آپ کسی فارم میں پاس ورڈ پُر کر کے بھیجتے ہیں، تو وہ آپکو پیغام دیتے ہیں کہ کیا آپ اس فارم میں پاسورڈ اور دیگر معلومات کو اگلی دفعہ آسانی سے پُر کرنے کیلے محفوظ کرنا چاہتے ہیں؟ فائرفاکس میں بھی یہ چیز موجود ہے اور اسمیں اچھی بات یہ ہے کہ آپکے جتنے بھی پاسورڈ محفوظ ہیں، انہیں آپ ایک ماسٹر پاسورڈ کے ذریعے تحفظ دے سکتے ہیں، تاکہ ہر ایرا غیرا آپکے پاسورڈ استعمال کرکے آپکے اکاؤنٹس نہ استعمال کر سکے۔ لیکن اگر ماسٹر پاس ورڈ اگر بھول جاتے تو؟؟؟ یہی حال میرا بھی ہوا، ماسٹر پاس ورڈ لگانے کے ۳۰ منٹ بعد مجھے یاد نہیں رہا کہ کونسا پاس ورڈ دیا تھا۔ اب میں یہ چاہتا ہوں کہ بھلے محفوظ شدہ پاسورڈز جائیں بھاڑ میں لیکن میں دوبارہ سے پاس ورڈ محفوظ کرنے کے قابل ہو سکوں(ماسٹر پاس ورڈ بھول جانے کی صورت میں آپ مزید پاس ورڈز فائرفاکس میں محفوظ نہیں کر سکتے)۔ تو جناب اس کا حل جو مجھے تلاش کے بعد جو معلوم ہوا ہے وہ یہ کہ فائرفاکس کھول کر ایڈریس بار میں یہ لکھیں:

chrome://pippki/content/resetpassword.xul

اگلی سکرین میں آپ سے پوچھا جائیگا کہ ماسٹر پاس ورڈ صاف کرنے کی صورت میں آپ کے محفوظ پاس ورڈ اور دوسری تمام معلومات فائرفاکس بھُلا دیگا، اگر آپ متفق ہیں تو Reset کا بٹن دبا دیں۔ لیجیے اب آپکا ماسٹر پاس ورڈ ختم ہو چکا۔ اب دوبارہ اگر ماسٹر پاس ورڈ دینا بھی ہے تو یاد رہنے والا پاس ورڈ دیں۔ اور ہاں محفوظ پاس ورڈز اور دوسری معلومات صرف شارٹ کٹ کی سے دینے کیلیے یہ ایڈ آن ضرور آزمائیے۔